کوہاٹ: پولیس لائنز مسجد پر خودکش حملہ، 21 شہید، 103 زخمی، حملہ آور کی شناخت مطیع اللہ.

27

کوہاٹ – خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد پر نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور 103 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے خودکش بمبار کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے کر لی ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق، حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور مسجد کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق، دھماکے کے بعد سات مسلح دہشت گرد پولیس لائنز میں داخل ہوئے، جن میں سے چھ کو ہلاک کر دیا گیا، جن میں خودکش بمبار اور ایک سنائپر بھی شامل تھا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوہاٹ کی رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 15 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں۔ شہریوں میں لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کے چیف ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ (پیڈیاٹرکس) ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔
زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔ 13 زخمیوں کو لیاقت میموریل ہسپتال اور 90 کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ منتقل کیا گیا۔
خودکش بمبار کی شناخت
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے اور اس کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر کی قیادت میں اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں