ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل نے آر ایف او اپر سرن کے ہمراہ وادیٔ سرن کے علاقے سچاں جبوڑی میں قائم فارسٹ چیک پوسٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے محکمہ جنگلات کے افسران سے ملاقات کی اور علاقے میں جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور اسمگلنگ کے خلاف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیک پوسٹ کی مجموعی کارکردگی، نگرانی کے نظام اور عملے کی موجودگی کا بھی معائنہ کیا گیا۔
دورے کے دوران حالیہ کارروائی میں ضبط کی گئی لکڑی کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ حکام نے اسسٹنٹ کمشنر کو اس کارروائی سے متعلق ابتدائی رپورٹ اور برآمد شدہ لکڑی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود آر ایف او اپر سرن کو ہدایت جاری کی کہ اس کیس میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جا سکے اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی لکڑی کی کٹائی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے کارروائیوں کو مزید مؤثر، مربوط اور مسلسل بنایا جائے۔
انہوں نے فارسٹ چیک پوسٹس پر نگرانی کے نظام کو مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ قیمتی جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔





