پانچ ہزار کے چالان پر ڈرائیور نے کوسٹر دریائے جہلم میں پھینک دی.

40

ٹریفک پولیس کی جانب سے پانچ ہزار روپے جرمانہ کیے جانے پر ایک ڈرائیور نے مبینہ طور پر غصے میں آ کر کوسٹر گاڑی دریائے جہلم میں پھینک دی۔ حیران کن واقعے میں ٹریفک پولیس اہلکار بھی گاڑی میں موجود تھا، تاہم دونوں افراد کو مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زندہ بچا لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس نے کوسٹر گاڑی کا چالان کرنے کے ساتھ اسے بند کرنے کی کارروائی بھی کی تھی۔ پولیس اہلکار گاڑی میں بیٹھ کر اسے تھانے منتقل کر رہا تھا کہ اسی دوران ڈرائیور نے اچانک گاڑی کا رخ دریائے جہلم کی جانب موڑ دیا اور گاڑی دریا میں جا گری۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک اہلکار اور ڈرائیور کو بحفاظت پانی سے نکال لیا، جبکہ کوسٹر گاڑی دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔

واقعے کے بعد ڈرائیور کے لواحقین اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کے رویے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

بعد ازاں انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا اور بند شاہراہ کو ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں