ہری پور کے معروف سیاحتی مقام خانپور ڈیم پر ایک غیر ملکی سیاح سے رقم، موبائل فون اور قیمتی کارڈز پر مشتمل بیگ چھیننے والے ملزمان کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی خانپور ڈیم پر قائم ٹورسٹ سہولت ڈیسک نے وائرلیس کے ذریعے ضلع بھر میں ناکہ بندی کے احکامات جاری کیے۔ ایس ایچ او تھانہ خانپور صدیق شاہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا بیگ، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
مسروقہ سامان واپس ملنے پر غیر ملکی سیاح نے ڈی پی او ہری پور اور خانپور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
دریں اثنا، ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے پولیس افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کے تمام اہم سیاحتی مقامات پر ٹورسٹ سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو محفوظ ماحول اور بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
خانپور ڈیم: غیر ملکی سیاح سے سامان چھیننے والے ملزمان گرفتار، مسروقہ سامان برآمد.
6