مردان: گھر سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد، تحقیقات شروع.

26

مردان: شہر کے علاقے شیخ ملتون سیکٹر بی، گلی نمبر 6 میں واقع ایک گھر سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کی موجودگی میں لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ایم ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت جلال، ان کی اہلیہ اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تاہم واقعے کی نوعیت اور اموات کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اموات کی اصل وجہ جاننے کے لیے قانونی تقاضے اور تفتیشی عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کے محرکات اور حقائق کا تعین کیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں