مانسہرہ: عید سے قبل کاغان کے علاقے ترپی پل کے قریب دریائے کنہار میں گر کر لاپتہ ہونے والے دو بچوں میں سے ایک بچی کی لاش آج کھنیاں کے مقام سے برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق بچی کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، جو چند روز قبل ترپی پل کے قریب پیش آنے والے حادثے کے بعد دریائے کنہار میں لاپتہ ہو گئی تھی۔ واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد کی جانب سے مسلسل تلاش کا عمل جاری تھا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 مانسہرہ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس، مقامی افراد اور ورثاء کی موجودگی میں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے کاغان ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق قانونی اور ضابطہ جاتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔ واقعے پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقے میں بھی سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ عید سے قبل ترپی پل کے مقام پر دریائے کنہار میں گرنے کے بعد دو بچے لاپتہ ہو گئے تھے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی رضاکار مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف رہے۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ فاطمہ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
مانسہرہ: دریائے کنہار میں لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش کھنیاں کے مقام سے برآمد.
28