سرگودھا کے علاقے بھلوال میں مبینہ طور پر کام سے چھٹی کرنے پر ایک ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جہاں قینچی سے اس کی زبان کاٹ دی گئی۔
پولیس کے مطابق زخمی شہری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ شخص کی اہلیہ کی درخواست پر واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی اہلیہ نے چار ملزمان کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے۔ درخواست کے مطابق بیماری کے باعث کام پر نہ جانے پر ایک ملزم مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوا، شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں قینچی سے اس کی زبان کاٹ دی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔