ایبٹ آباد میں بڑھتے جرائم پر تشویش، چند روز میں قتل کے تین افسوسناک واقعات.

21

ایبٹ آباد میں حالیہ دنوں کے دوران پیش آنے والے قتل کے پے در پے واقعات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ چند ہی دنوں میں قتل کے تین مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جنہوں نے امن و امان کی صورتحال پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پہلا افسوسناک واقعہ میرپور کے علاقے میں پیش آیا جہاں سردار بلال مشتاق کو قتل کر دیا گیا۔ اس کے بعد باغ بانڈی میں چچازاد بھائیوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرے کی ٹانگیں توڑ دی گئیں۔
تازہ ترین واقعہ گزشتہ رات میرپور تھانے کی حدود میں جدون پلازہ کے قریب پیش آیا، جہاں 22 سالہ نوجوان معاذ اللہ ولد منظور حسین، سکنہ شاہزمان کالونی، فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
ان افسوسناک واقعات نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد، عدم برداشت اور غصے کے رجحان پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ جذبات اور غصے پر قابو رکھتے ہوئے معاملات کو افہام و تفہیم اور قانون کے دائرے میں رہ کر حل کرے۔ ایک لمحے کا غصہ نہ صرف اپنی زندگی بلکہ کئی خاندانوں کی خوشیاں بھی چھین سکتا ہے۔

یہ واقعات ہم سب کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ معاشرے میں برداشت، صبر اور احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مزید گھر اجڑنے سے بچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں