حویلیاں: حویلیاں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے اہم کارروائی کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی لنگرہ کے علاقے میں عمل میں لائی گئی جہاں غلام اللہ ولد ممتاز، سکنہ صوابی حال لنگرہ کو حراست میں لیا گیا۔ دوران گرفتاری ملزم کے قبضے سے ایک عدد رپیٹر بھی برآمد کر لیا گیا جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم ضلع صوابی میں درج قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم دیگر اشتہاری مجرمان کو پناہ فراہم کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حویلیاں پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔