تربت: تربت۔مند روڈ پر سڑک سروے مکمل کرنے کے بعد واپس آنے والی ایک کنٹریکٹر کمپنی کی ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تحصیل ٹیکسلا کے رہائشی نعمان شاہ کاظمی، محمد آصف اور لیفٹینننٹ کرنل (ر) ارسلان شامل ہیں، جبکہ کلیم اللہ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حملہ پرانی زبیدہ جلال روڈ پر قائم کیمپ سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر افراتفری پھیل گئی جبکہ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں اور واقعے کے محرکات کے حوالے سے مزید معلومات کا انتظار ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔