مانسہرہ: سلیم باغ کے پہاڑی سلسلے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تیزی سے پھیلتے ہوئے قریبی آبادی اور رہائشی گھروں کے لیے خطرے کی صورتحال پیدا کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مانسہرہ کی فائر فائٹنگ ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا آپریشن شروع کر دیا۔


ریسکیو حکام کے مطابق آگ خشک جھاڑیوں اور جنگلی پودوں میں لگی تھی، جس کے باعث تیز ہوا کے سبب اس کے مزید پھیلنے کا خدشہ تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور محنت کے ساتھ آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد مقامات پر کارروائی کی اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔
بروقت اور مؤثر ریسپانس کے نتیجے میں آگ کو قریبی آبادی، گھروں اور دیگر املاک تک پہنچنے سے روک دیا گیا، جس سے بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا آگ لگنے کے واقعے کی فوری اطلاع ریسکیو اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔