دارہ قاری غلام نبی قتل کیس: مرکزی ملزم گرفتار، دیگر ملزمان کی تلاش جاری.

23

مانسہرہ: تھانہ لاری اڈہ پولیس نے دارہ قاری غلام نبی میں 19/20 سالہ نوجوان خورشید کے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق 7 جون 2026 کو پیش آنے والے اس واقعے میں نوجوان خورشید ولد محمد صدیق کو مبینہ طور پر چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے چچا کی مدعیت میں تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ مرکزی ملزم رمضان ولد محمد منیر، جو ماضی میں ایک مدرسے میں تدریسی فرائض انجام دیتا تھا، کے خلاف تقریباً چار سے پانچ ماہ قبل ایک کم عمر بچے کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کی کوشش کا الزام سامنے آیا تھا۔ مدعی کے مطابق اس معاملے پر مقامی سطح پر جرگہ ہوا تھا، جس کے بعد ملزم کو مدرسے سے الگ کر دیا گیا تھا۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسی رنجش اور دشمنی کی بنیاد پر رمضان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ خورشید کو نشانہ بنایا اور اس پر چھریوں سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم رمضان ولد محمد منیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور واقعے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں