ہری پور: حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع کرتاس پیپر مل میں پیش آنے والے ایک افسوسناک صنعتی حادثے کے نتیجے میں نوجوان مزدور جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت شان حیدر ولد عمر دراز کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 19 سے 20 سال بتائی جاتی ہے اور وہ ضلع جھنگ کا رہائشی تھا۔ بتایا گیا ہے کہ شان حیدر معمول کے مطابق دورانِ ڈیوٹی کام میں مصروف تھا کہ اچانک ایک مشین کے حادثے کا شکار ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں نوجوان مزدور جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد فیکٹری میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ ساتھی مزدوروں اور اہل خانہ میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر حفاظتی انتظامات اور سیفٹی اقدامات کی کمی کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی اصل وجوہات کا تعین متعلقہ اداروں کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔
مزدور تنظیموں اور مقامی حلقوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی اداروں میں حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور حادثے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔