بٹگرام: تحصیل الائی کی وادی چوڑ میں دو گروپوں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دو فریقوں کے درمیان تنازع کے دوران پیش آیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دو کا تعلق پاشتوال جبکہ ایک شخص کا تعلق نوگرام سے بتایا جاتا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں قاری حبیب خان بھی شامل ہیں، جو عزیز عرف عزیزوں کے بھائی تھے۔ ان کے انتقال کی خبر علاقے میں تیزی سے پھیل گئی، جس پر اہل خانہ، عزیز و اقارب اور مقامی افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات اور پس منظر کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
مقامی عوام نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
اللہ تعالیٰ تمام جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
الائی کی وادی چوڑ میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، تین افراد جاں بحق.
23