پشاور: موٹروے ایم ون پر کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں سابق سینیٹر تاج آفریدی جاں بحق جبکہ ان کا ڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق سابق سینیٹر اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی میں اچانک آنے والے مکینیکل فالٹ کے باعث رونما ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں سابق سینیٹر تاج آفریدی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمی ڈرائیور کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ موٹروے پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سابق سینیٹر تاج آفریدی کے انتقال کی خبر پر سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔