سوات ایکسپریس وے پر موٹروے پولیس کی گاڑی حادثے کا شکار، ایک اہلکار جاں بحق، دوسرا زخمی.

26

مالاکنڈ: سوات ایکسپریس وے پر غازی بابا کے مقام کے قریب موٹروے پولیس کی پیٹرولنگ گاڑی ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا اہلکار زخمی ہوگیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹروے پولیس کی گاڑی معمول کی پیٹرولنگ پر تھی کہ اچانک تیز رفتاری یا ممکنہ طور پر گاڑی کے کنٹرول کھو جانے کے باعث حادثہ رونما ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں اہلکار نظام الدین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اہلکار اکبر شدید زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور لاش اور زخمی کو فوری طور پر درگئی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

حادثے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پائی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں اور موٹروے پولیس حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں