کاغان ویلی میں مون سون کی پہلی بارش، بالاکوٹ سے کیوائی تک ژالہ باری اور پانی کے بہاؤ سے ٹریفک متاثر.

24

مانسہرہ: کاغان ویلی میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد بالاکوٹ سے کیوائی تک مختلف مقامات پر شدید ژالہ باری اور بارش کے پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ٹریفک کو عارضی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع کے مطابق شدید بارش اور ژالہ باری کے دوران متعدد گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے کھڑی کر دیں اور موسمی صورتحال بہتر ہونے کا انتظار کیا۔ بعض مقامات پر پانی سڑک پر آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
خراب موسمی حالات اور شدید بارش کے باعث علاقے سے مناسب ویڈیو کوریج بھی ممکن نہ ہو سکی۔ تاہم عینی شاہدین کے مطابق بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہنے کے بعد صورتحال بتدریج معمول پر آ گئی۔




الحمدللہ، اس وقت کاغان ویلی، بالاکوٹ اور کیوائی کے درمیان ٹریفک کی صورتحال قابو میں ہے اور کسی قسم کی تشویشناک صورتحال یا ہنگامی حالت کی اطلاع نہیں ہے۔
انتظامیہ اور مقامی افراد نے سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر محتاط رہیں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور موسمی حالات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں