پاکستان تحریک انصاف کے رہنما Moonis Elahi نے چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے 10 سالہ بچی ہانیہ کی ہلاکت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بے گناہوں کا کھلا قتلِ عام جاری ہے اور سی سی ڈی کو کھلی چھوٹ ملنے کے بعد مجرموں سے زیادہ معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔
مونس الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ چکوال کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، جہاں ایک معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی جبکہ اس کے والد اور بھائی بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، لیکن اگر معصوم افراد ہی غیر محفوظ ہو جائیں تو یہ ایک سنگین صورتحال ہے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات عوام کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے مؤثر احتساب ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے 10 سالہ ہانیہ جاں بحق ہو گئی تھی، جس کے بعد نہ صرف ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی بلکہ یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔