ڈیوٹی کے دوران افسوسناک حادثہ: پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لائن مین قاری نعمان جاوید گہری کھائی میں گر کر جاں بحق.

24

ایبٹ آباد کی یونین کونسل نگری بالا باغ کے رہائشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لائن مین قاری نعمان جاوید اتوار کے روز دورانِ ڈیوٹی ایک افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، قاری نعمان جاوید باگن کھیتر کے مقام پر واٹر سپلائی اسکیم ڈنہ باگن کی پائپ لائن کی مرمت میں مصروف تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث گہری کھائی میں جا گرے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مرحوم قاری نعمان جاوید وفاق المدارس سے فارغ التحصیل تھے اور جامع مسجد کالا باغ سے ملحقہ مدرسے میں تدریس و تربیت کے شعبے سے بھی وابستہ تھے۔ ان کی وفات کی خبر علاقے میں غم کی لہر بن کر پھیل گئی، جبکہ متعلقہ سرکاری محکمے اور مقامی آبادی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

قانونی ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت کو تدفین کے لیے آبائی علاقے منتقل کرنے کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحوم قاری نعمان جاوید کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں