قصور کے علاقے چونیاں میں ایک دلخراش حادثے کے نتیجے میں چار معصوم بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں، جس کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی۔
پنجاب پولیس کے مطابق چاروں بچے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے موسم گرما کی چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے نانی کے گھر، گاؤں ویر سنگھ، آئے ہوئے تھے۔ کھیل کے دوران بچے قریبی تالاب کے قریب پہنچ گئے جہاں وہ مبینہ طور پر پانی میں ڈوب گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 9 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔ ان کی شناخت 11 سالہ فیضان، 9 سالہ مراد، 10 سالہ ہادیہ اور 13 سالہ عمران کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ گاؤں ویر سنگھ اور گردونواح میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے علاقے گہریت میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں دریائے چترال میں لاپتا ہونے والی دو کم عمر بہنوں کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا وسیع سرچ آپریشن تاحال کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکا۔ ماہر تیراکوں پر مشتمل ٹیموں نے دریا کے مختلف مقامات اور سرحدی گاؤں ارندو تک تلاش کا دائرہ وسیع کیا، تاہم دونوں بچیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔
چونیاں میں افسوسناک سانحہ: چھٹیاں منانے نانی کے گھر آنے والے 4 بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق، 3 سگے بھائی بھی شامل.
25