ایبٹ آباد کے تھانہ بگنوتر کی حدود جہافر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور اس کی نعش جنگل میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت ارمان علی کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ روز سے لاپتہ تھا۔ اہل خانہ کی جانب سے اس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی متعلقہ تھانے میں درج کروائی گئی تھی، جس کے بعد پولیس اس کی تلاش میں مصروف تھی۔
ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے جہافر کے جنگلاتی علاقے میں ایک نعش پڑی ہونے کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر تھانہ بگنوتر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد نعش کو تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی شواہد کے مطابق نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کر دیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے، جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ مقامی افراد نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات اور ملزمان کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔