🚨 غازیکوٹ کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے گرینڈ جرگہ، پولیس اور عوام متحد 🚨

31

مانسہرہ: غازیکوٹ میں منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے عوام اور پولیس نے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں حجرہ ملک نوید میں ملک نوید کی سربراہی میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن شپ پولیس چوکی انچارج رضوان خان نے خصوصی شرکت کی۔
جرگے میں علاقے کے عمائدین، مشران اور سماجی شخصیات نے غازیکوٹ سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے سر جوڑ لیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ٹاؤن شپ پولیس چوکی انچارج رضوان خان نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “اگر عوام پولیس کا ساتھ دیں تو غازیکوٹ میں نہ منشیات ہوگی اور نہ ہی منشیات فروش۔” انہوں نے کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کے ہر فرد کو اس مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم اور مقامی آبادی کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور غازیکوٹ کو منشیات فروشوں سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں