ہریپور: خاتون کو ہراساں کرنے اور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار 🚨

25

ہریپور: تھانہ سٹی پولیس نے محلہ سواتیاں کی ایک خاتون کو ہراساں کرنے، چھیڑ چھاڑ کرنے اور اس کے پیچھے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر واقعے کی خبر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او ہریپور شفیع اللہ گنڈاپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی سعید یدون اور ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی کو ملزم کی فوری گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ہی آئی ٹی ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا۔
ڈی ایس پی سٹی سعید یدون نے ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی اور انچارج آرگنائزڈ کرائم یونٹ سعید شاہ کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی نے نفری پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم سفیر احمد ولد عزیز الرحمان، سکنہ بصیرہ حویلیاں، حال چھوہر روڈ کو گرفتار کر لیا۔
مدعیہ کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 354، 500 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او ہریپور شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے، چھیڑ چھاڑ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں