ہریپور: ضلعی پولیس سربراہ ہریپور شفیع اللہ گنڈاپور کے وژن “منشیات سے پاک ہریپور” کے تحت ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سرائے صالح قمر خان نے نفری پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث ملزم سیف الرحمان ولد احمد رحمان، سکنہ بگڑہ نمبر 1 کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 4 کلو 75 گرام چرس برآمد کی گئی، جسے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مبینہ طور پر علاقے میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث تھا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اس سے منشیات کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔