سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل، تھانہ پھلڑہ پولیس کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار..

27

مانسہرہ: سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو اور پوسٹ وائرل ہونے کے بعد ضلعی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی کو عوامی شکایات اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے نتیجے میں عمل میں لایا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی پوسٹ سامنے آنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او کی ہدایت پر تھانہ پھلڑہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو شواہد حاصل کیے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ عادل نامی شخص کی شادی کی تقریب کے دوران محمد رفیق ولد محمد یعقوب اور راشد ولد غلام سرور، ساکنان دروازہ پھلڑہ مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کر رہے تھے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
پولیس نے فوری چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور ایک پستول بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اسلحہ آرڈیننس اور فائرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ طور پر ملوث افراد کا بھی تعین کیا جا سکے۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک خطرناک اور جان لیوا عمل ہے، جس سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں، لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں