گوادر: قومی شاہراہ پر تعینات موٹروے پولیس پاکستان نے دیانتداری اور فرض شناسی کی ایک قابلِ فخر مثال قائم کرتے ہوئے 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات ان کے اصل مالک تک پہنچا دیے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گوادر کے قریب معمول کی پیٹرولنگ کے دوران اہلکاروں کو سڑک کنارے ایک مشکوک بیگ ملا، جس کی تلاشی لینے پر اس میں قیمتی سونے کے زیورات اور دیگر سامان موجود تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ بیگ دورانِ سفر حادثاتی طور پر گاڑی سے گر گیا تھا اور مالک کو اس بات کا علم بھی نہیں تھا کہ اس کی قیمتی اشیاء راستے میں گر چکی ہیں۔
موٹروے پولیس نے فوری طور پر سوشل میڈیا، مقامی ذرائع اور مختلف رابطوں کے ذریعے مالک کی شناخت کا سراغ لگایا۔ تمام قانونی اور تصدیقی مراحل مکمل کرنے کے بعد قیمتی زیورات باقاعدہ طور پر اصل مالک کے حوالے کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت، امانت داری اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین ادائیگی ہے، اور اس قسم کے اقدامات ادارے پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ دیانتداری اور فرض شناسی اب بھی ہمارے معاشرے میں موجود ہے اور ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔
موٹروے پولیس کی شاندار دیانتداری کی مثال، 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اصل مالک کے حوالے
19