حویلیاں: ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں تھانہ حویلیاں پولیس نے اپنے حقیقی بیٹے پر مبینہ تشدد کرنے والے باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حویلیاں کے رہائشی شعیب خالد نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد دوسری شادی کر لی تھی۔ پہلی بیوی سے پیدا ہونے والا 11 سالہ بیٹا عمر ابتدائی طور پر اپنے نانا کے پاس پرورش پاتا رہا۔ نانا کے انتقال کے بعد بچے کو اس کے حقیقی والد کے حوالے کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچے نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ والد نے دوسری شادی کے بعد اسے گزشتہ ڈھائی ماہ سے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے کو بعض اوقات زنجیروں میں باندھ کر رکھا جاتا تھا اور مختلف اشیاء سے جسم پر تشدد کیا جاتا تھا، جس سے وہ زخمی ہوا۔
مزید بتایا گیا کہ بچے کی حالت خراب ہونے پر ملزم اسے اس کی والدہ کے گھر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ بچے کا میڈیکل کروایا گیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی شروع کی۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حویلیاں کیڈٹ عبدالغفور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم شعیب خالد ولد خالد کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بچہ اس وقت ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔