گوادر سیکیورٹی اہلکار قتل کیس: اے ٹی سی کوئٹہ نے ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللّٰہ کو عمر قید کی سزا سنا دی.

32

کوئٹہ: انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کوئٹہ نے گوادر میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے قتل کے مقدمے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی رہنما ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللّٰہ کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کا ٹرائل ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سے آن لائن طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا۔ مقدمہ گوادر میں بی وائی سی کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے اس واقعے سے متعلق تھا، جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عدالتی فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ دو سالہ قانونی جدوجہد کے بعد انصاف کی فراہمی قانون کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید سیکیورٹی اہلکار نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ریاست ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے نے یہ واضح کر دیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور تشدد کو فروغ دینے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں ریاستی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور صوبائی حکومت شہید اہلکار کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ تشدد، انتشار اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بلوچستان میں امن کے دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور حمایتیوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں امن کے قیام اور ریاستی رٹ کے استحکام کی ضمانت ہیں۔

مزید اہم قومی اور بریکنگ خبروں کے لیے MansehraDotCom کو فالو کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں