مانسہرہ: سوشل میڈیا پر نازیبا مواد پھیلانے والا ٹک ٹاکر “ماموں” گرفتار، مزید کریک ڈاؤن کا آغاز

93

مانسہرہ پولیس نے سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز شیئر کرنے والے معروف ٹک ٹاکر ندیم عرف “ماموں” کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی عوامی شکایات پر عمل کرتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایات پر ضلع بھر میں سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی نگرانی میں تھانہ سٹی کے ایس ایچ او عاصم بخاری نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ندیم عرف ماموں سوشل میڈیا پر نازیبا اور معاشرتی اقدار کے منافی ویڈیوز بنا کر نہ صرف عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچا رہا تھا بلکہ نوجوان نسل پر بھی منفی اثرات ڈال رہا تھا۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مانسہرہ پولیس معاشرے میں مثبت اور مہذب ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور ایسے تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں