💳 پاکستان کا پہلا مقامی کریڈٹ کارڈ جلد متعارف کرایا جائے گا.

35

کراچی (مانسہرہ ڈاٹ کام)
پاکستان میں جلد ہی پہلا مقامی ادائیگی اسکیم پر مبنی کریڈٹ کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو آن لائن بینکاری کی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ون لنک، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ممبر بینکوں کے تعاون سے پے پاک (PayPak) کریڈٹ کارڈ جاری کرے گا۔
ون لنک کے چیف ایگزیکٹو نجیب آگرہ والا نے کراچی میں منعقدہ 19ویں موبائل کامرس کانفرنس کے موقع پر بتایا کہ اس منصوبے سے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جن کے پاس اپنی قومی ادائیگی اسکیم اور مقامی کریڈٹ کارڈ نظام موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پے پاک کریڈٹ کارڈ ملک بھر میں قابلِ استعمال ہوگا، جبکہ صارفین اس کے ذریعے بین الاقوامی ادائیگیاں بھی کر سکیں گے۔ اس کا تمام انتظام پاکستان کے اندر ہوگا، جس سے بینکوں کے اخراجات کم ہوں گے اور مزید مالیاتی ادارے بھی کریڈٹ کارڈ کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔
نجیب آگرہ والا کے مطابق پے پاک کا آغاز 2016 میں کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان دنیا کا 28واں ملک بنا جس نے اپنی مقامی ادائیگی اسکیم متعارف کرائی۔ اس وقت پے پاک پاکستانی کارڈ مارکیٹ میں 28 فیصد حصہ رکھتا ہے، جبکہ 1 کروڑ 61 لاکھ سے زائد پے پاک کارڈز زیرِ استعمال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پے پاک صارفین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور کم لاگت ادائیگی کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ آن لائن خریداری، ریٹیل اسٹورز اور حکومتی ادائیگیوں میں بھی اس کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں