🚨 ناران میں بروقت ریسکیو نے 4 نوجوانوں کی جانیں بچا لیں، ایک لمحے کی لاپرواہی بڑا سانحہ بن سکتی تھی.

6

ناران (مانسہرہ ڈاٹ کام)
ناران میں پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور رافٹنگ ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی کے باعث چار نوجوان بڑی تباہی سے محفوظ رہے۔
اطلاعات کے مطابق چار دوست ایک ڈالہ گاڑی کو دریا سے گزارنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تیز بہاؤ کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر گہرے پانی میں پھنس گئی اور آہستہ آہستہ ڈوبنے لگی۔ دو نوجوان گاڑی کے اندر جبکہ دو پیچھے سوار تھے۔
جب انہیں احساس ہوا کہ صورتحال ان کے قابو سے باہر ہو چکی ہے تو انہوں نے مدد کے لیے پکارا۔ خوش قسمتی سے قریبی مقام پر موجود رافٹنگ ریسکیو اہلکار فوری حرکت میں آئے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں نوجوانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی نوجوانوں کو ریسکیو کیا گیا، ڈالہ مکمل طور پر گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پانی کی گہرائی اتنی زیادہ تھی کہ تقریباً 18 فٹ لمبی گاڑی بھی مکمل طور پر پانی میں کھڑی ہو کر غائب ہو گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں پانی انتہائی گہرا تھا۔
مقامی افراد نے رافٹنگ ریسکیو ٹیم کی جرات، مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان اہلکاروں کو قیمتی جانیں بچانے پر سرکاری سطح پر تعریفی اسناد اور انعامات دیے جائیں۔




⚠️ اہم پیغام:
پہاڑی علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں کو ہرگز معمولی نہ سمجھیں۔ پانی کا بہاؤ چند لمحوں میں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ صرف ویڈیوز بنانے یا مہم جوئی کے شوق میں اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں