ایبٹ آباد / مانسہرہ: ایف آئی اے ایبٹ آباد نے مالی فراڈ کے متعدد مقدمات میں مطلوب ایک اہم ملزمہ کو مانسہرہ میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمہ شہناز زوجہ محمد سجاد، ساکن بانڈہ لال خان، تحصیل و ضلع مانسہرہ کے خلاف مختلف نوعیت کے 6 مقدمات درج تھے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ پر شہریوں سے مبینہ طور پر مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہتھیانے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمہ کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزمہ کو باقاعدہ طور پر قانون کے مطابق حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش انسپکٹر سعادت خان کر رہے ہیں، جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر نامزد اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مالی فراڈ اور شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔