لاہور (مانسہرہ ڈاٹ کام)
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خواتین کے اغواء، مبینہ جنسی زیادتی اور تاوان کے ہائی پروفائل کیس میں ایک ایسے پراسرار کردار کا ذکر سامنے آیا ہے، جسے مبینہ طور پر گینگ کے ارکان “باس” کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ غیر ملکی خواتین کے مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ واقعے کے دوران موجود بعض ملزمان مسلسل فون پر کسی شخص سے ہدایات لے رہے تھے اور اسے “باس” کہہ رہے تھے۔ بیانات میں یہ بھی کہا گیا کہ گینگ کے افراد مبینہ طور پر ہر اہم قدم اسی کی ہدایت پر اٹھا رہے تھے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق موقع پر موجود ایک شخص روانی سے انگریزی بول رہا تھا اور مبینہ طور پر دھمکیاں دے رہا تھا، جبکہ دیگر افراد بھی مسلسل فون پر رابطے میں تھے۔ ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر یہ “باس” کون ہے اور کیا اس کا کردار تفتیش میں سامنے آئے گا؟
تاحال تفتیشی اداروں کی جانب سے اس مبینہ “باس” کی شناخت یا کردار کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا اعلان نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
⚠️ نوٹ: مذکورہ معلومات متاثرہ فریق کے بیانات اور میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔ کیس زیرِ تفتیش ہے، اس لیے کسی بھی فرد کے خلاف الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔
🚨 لاہور غیر ملکی خواتین کیس میں پراسرار ’باس‘ کون؟ تفتیش میں نئے سوالات جنم لینے لگے.
23