ایبٹ آباد: بچوں کے درمیان معمولی تکرار خونریز جھگڑے میں تبدیل، نوجوان چھری کے وار سے شدید زخمی.

19

ایبٹ آباد: ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کی یونین کونسل دیوال منال کے علاقے دیوال، حدود تھانہ ناڑہ میں بچوں کے درمیان ہونے والی معمولی تکرار نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان چھری کے وار سے شدید زخمی ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی اور تکرار ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑے افراد کی مداخلت کے باعث لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ اس دوران سمیع اللہ ولد خالد کو چھری کے وار کیے گئے، جس سے وہ سینے اور پیٹ پر شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر مقامی افراد کی مدد سے ابتدائی طبی امداد کے بعد ایوب ٹیچنگ ہسپتال / ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ ناڑہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا ہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش کے بعد قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں