ظہران ممدانی کا ارجنٹینا اور مصر کے میچ کے متنازع فیصلوں پر ردِعمل، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی.

31

نیو یارک: امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہونے والے متنازع ریفری فیصلوں پر ردِعمل دیتے ہوئے جاری بحث میں حصہ لے لیا۔
ظہران ممدانی نے اپنے نئے ٹرانسپورٹ منصوبے “نیکسٹ اسٹاپ: بیٹر بسز، فاسٹر سروس” کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سفری سہولتیں شہریوں کا قیمتی وقت بچاتی ہیں اور اس منصوبے کے ذریعے عوام کے سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سفر کا وقت کم ہونے سے لوگ صبح کام پر جانے سے پہلے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سکون سے ناشتہ کر سکیں گے، جبکہ شام کو بھی بروقت گھر پہنچ کر اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔
گفتگو کے اختتام پر ظہران ممدانی نے ارجنٹینا اور مصر کے میچ میں ہونے والے متنازع فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا:
“اس کا مطلب ہے کہ آپ بھی اپنے دوستوں کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کل کا میچ مصر سے چھین لیا گیا۔”
ان کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر پہلے سے جاری بحث میں مزید شدت آ گئی، جہاں صارفین ریفری کے فیصلوں پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد مصری ٹیم کے ہیڈ کوچ، کھلاڑیوں اور شائقین نے میچ میں ریفری کے متعدد فیصلوں پر شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی کئی صارفین نے ان فیصلوں کو متنازع قرار دیتے ہوئے فیفا سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ دوسری جانب ارجنٹینا کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ریفری کے فیصلے قوانین کے مطابق تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں