ایبٹ آباد: ہرنو سے واپس آنے والی فیملی کی سوزوکی حادثے کا شکار، 20 افراد زخمی، 14 بچے بھی شامل.

39

ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کے علاقے دہمتوڑ بائی پاس، جندر کے مقام پر ہریپور سے سیاحت کی غرض سے ہرنو جانے والی ایک فیملی کی سوزوکی گاڑی واپسی پر خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے نتیجے میں اس میں سوار 20 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ 17 افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو گاڑی سے نکالا، ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی بحال کی، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق ہریپور کے علاقے شیرانوالہ گیٹ سے ہے، جو ہرنو میں سیاحت کے بعد واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں