وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں نوجوان اور نئے چہروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جبکہ نئے شامل ہونے والے ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے محنتی، متحرک اور بہتر نتائج دینے والے ارکان کو آگے لانے پر غور کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ آبی وسائل کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں اصلاحات لانے کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
نوٹ: یہ خبر ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر مبنی ہے۔ کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں یا نئے تقرر کا حتمی اعلان حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی تصور کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا وفاقی کابینہ میں نئے چہرے شامل کرنے کا فیصلہ.
27