ایبٹ آباد میں ٹریفک پولیس نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی ہدایت پر یہ اقدامات مرحلہ وار جاری ہیں۔
پہلے مرحلے میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے شہر میں داخلے کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام انٹری پوائنٹس پر اوقات کار اور حد رفتار کے بورڈ نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ ڈرائیورز اور مالکان کو اشتہارات کے ذریعے بھی مکمل آگاہی فراہم کی گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں مین سڑکوں پر قائم اسکولوں کا دورہ کیا گیا جہاں اسکول وین ڈرائیورز اور انتظامیہ کو بچوں کے پک اینڈ ڈراپ کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی گئیں تاکہ ٹریفک کا بوجھ کم ہو اور حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
تیسرے مرحلے میں ایسے ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جو اسکول اوقات میں شہر میں داخل ہوتے ہیں یا رفتار کی حد کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے اور جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ، وہ گاڑیاں جو اسکول کی فراہم کردہ پارکنگ کے بجائے سڑک پر بچوں کو اتارتی یا بٹھاتی ہیں، ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ اقدامات شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔