نوشہرہ – نوشہرہ کے علاقے خویشگی بالا میں انصاف کے حصول کی جنگ لڑنے والی ایک ماں کو سفاکیت کا نشانہ بناتے ہوئے گھر کے اندر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
مقتولہ نے اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ پیش آنے والے جنسی زیادتی کے واقعے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔
کچھ عرصہ قبل خویشگی بالا میں ایک کمسن بچے کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا مکروہ واقعہ پیش آیا تھا۔ اس معاملے میں بچے کی والدہ نے مدعی بن کر متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا اور وہ قانونی چارہ جوئی کے ذریعے انصاف کی خواہاں تھیں۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ملزمان کی جانب سے متاثرہ فریق پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ عدالت یا جرگے کے ذریعے مقدمے میں راضی نامہ کر لیں۔
تاہم، مقتولہ اور اس کے شوہر نے تمام تر دباؤ اور دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے ملزمان سے صلح کرنے سے دو ٹوک انکار کر دیا تھا۔
راضی نامے سے انکار پر مشتعل ہو کر ملزمان نے انتہائی قدم اٹھایا اور گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچے کی والدہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
یہ واردات مقتولہ کے شوہر (بچے کے والد) کے بالکل سامنے پیش آئی۔
اس افسوسناک واقع پر سماجی، شہریوں اور متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جنسی زیادتی اور خاتون کے اندھے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عبرت ناک سزا دی جائے۔
نوشہرہ: بیٹے سے جنسی زیادتی کیس میں راضی نامے سے انکار پر مدعیہ والدہ گھر کے اندر قتل
64