راولپنڈی: مال روڈ صدر پر ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں ایک وکیل کی جانب سے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار اور وکیل کے درمیان تلخ کلامی کے بعد وکیل نوجوان پر ہاتھ اٹھاتا ہے، جبکہ موقع پر موجود ٹریفک وارڈن فوری طور پر مداخلت کرنے کے بجائے خاموش کھڑا نظر آتا ہے۔
فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار کو ٹریفک وارڈن کی جانب مدد کی امید سے دیکھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی۔
تاہم واقعے کی سرکاری سطح پر مکمل تصدیق نہیں ہوئی اور تاحال کسی فریق کی جانب سے پولیس کو باقاعدہ درخواست دینے کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق موقع پر موجود وارڈن اس وقت ڈیوٹی ختم کرکے گھر جا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار نے وکیل مہران اعجاز کی گاڑی کو ٹکر ماری اور وہاں سے جانے کی کوشش کی، جس پر وکیل نے موٹرسائیکل سوار کا پیچھا کرکے اسے روکا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق دونوں افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد موقع پر موجود وارڈن نے دونوں کے درمیان صلح صفائی کروا دی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق افسرانِ بالا کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر متعلقہ ٹریفک وارڈن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں وکیل کا موٹرسائیکل سوار پر تشدد، ٹریفک وارڈن کو شوکاز نوٹس.
32