خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس ایکٹ 2017ء میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا کی تعیناتی کا اختیار صوبے کو دینے کے لیے ترمیمی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔
مجوزہ ترامیم کے تحت آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی تقرری اور تبادلوں کا اختیار بھی وزیرِ اعلیٰ کو دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیسنگ کی نگرانی کے لیے پبلک سیفٹی کمیشن اور ریجنل کمپلینٹ اتھارٹی قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
وزیرِ قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم کے مطابق پولیس ایکٹ 2017ء میں بہتری لائی جارہی ہے، جبکہ پولیسنگ صوبائی معاملہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کے اختیارات کم نہیں کیے جارہے بلکہ چیک اینڈ بیلنس بہتر بنایا جارہا ہے۔
