اسلام آباد – اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں بچ جانے والی واحد بچی ایزل بھی زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد اس المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
پمز اسپتال میں آگ لگنے کے دوران نرس نے بچی ایزل کو بچا لیا تھا، جس کے بعد وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج تھی۔ تاہم، اب وہ بچی بھی انتقال کر گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس واقعے میں پہلے 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نرسری میں ایئر کنڈیشنر کا کمپریسر پھٹنے سے لگی تھی، جس سے نرسری مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی تھی۔
بچی کی والدہ آصفہ بی بی کا کہنا تھا:
“بچی 6 ماہ 10 دن کی تھی، 12 اگست کو پیدا ہوئی تھی۔ بچی کو دھویں نے متاثر کیا۔ یہ ہماری پہلی اولاد تھی۔”
اس افسوسناک واقعے پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سانحے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
اللہ تعالیٰ تمام جاں بحق نومولود بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

سانحہ پمز: بچ جانے والی واحد بچی ایزل بھی زندگی کی بازی ہار گئی، ہلاکتیں 15 ہو گئیں
23