خیبر پختونخوا میں عوامی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا دستک پبلک سروس ڈلیوری پورٹل شاندار کامیابی کی جانب گامزن ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2 لاکھ 47 ہزار 511 شہری اس پورٹل پر رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 11 ہزار 33 صارفین کو اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس عمل سے صوبائی حکومت کو 2.4 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔
اسی طرح گاڑی رجسٹریشن سروس کے تحت 1 لاکھ 89 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی اور اب تک 75 ہزار گاڑیاں رجسٹر ہو چکی ہیں۔ اس مد میں حکومت کو 1.8 ارب روپے کی آمدن ہوئی۔
حکام کے مطابق یہ پورٹل شہریوں کو گھر بیٹھے جدید، تیز اور مؤثر سہولیات فراہم کر رہا ہے جس سے نہ صرف عوامی مسائل فوری حل ہو رہے ہیں بلکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بھی شفافیت اور بہتری آئی ہے۔