مانسہرہ: پولیس اور منشیات فروشوں میں فائرنگ کا تبادلہ،بدنام زمانہ منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار

36

مانسہرہ پولیس نے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے ایک بڑی کارروائی کی ہے۔ تھانہ خاکی کی حدود میں بدنام زمانہ منشیات فروش عبدالرزاق اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد مرکزی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی بھی حراست میں لے لیے گئے۔ دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرزاق ولد عیسیٰ خان ساکن تاجل نوکوٹ، منشیات اور اسلحہ کے سنگین مقدمات میں طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ اس کے خلاف تھانہ سٹی، اوگی، خاکی، پھلڑہ اور ضلع ہری پور سمیت مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔

کارروائی ایس پی سٹی و ہیڈکوارٹرز ریشم جہانگیر کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خاکی سعد یوسفزئی اور پولیس ٹیم نے مصدقہ اطلاع پر کی۔ پولیس کے چھاپے کے دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ شروع کی، جس کا پولیس نے مؤثر جواب دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرزاق زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف منشیات، اسلحہ اور دیگر سنگین جرائم کے 16 سے زائد مقدمات درج ہیں، جن میں مختلف تھانوں میں درج مقدمات شامل ہیں۔

مانسہرہ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں