مانسہرہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل اور اغواء جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ دربند انسپکٹر اشتیاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 17 اگست 2025 کو اپنی ہی بہن کے قتل میں ملوث ملزم شفیق الرحمن ولد عبدالطیف سکنہ باڑہ پائیں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
اسی دوران ایک اور کامیاب کارروائی میں اغواء کے مقدمے میں نامزد ملزم علی اصغر ولد امیر خان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے تھانہ دربند پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی بھی جرائم پیشہ شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔