تھانہ بالاکوٹ میں اسکول طالبعلم پر پولیس اہلکاروں کے تشدد کا واقعہ سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ، شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایکشن لے لیا۔
ڈی پی او مانسہرہ کے حکم پر واقعے میں ملوث اہلکار کانسٹیبل عباس اور کانسٹیبل عادل کو کوارٹر گارڈ بند کرکے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ دونوں کو لائن حاضر بھی کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں تین روز میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا کہ طلباء سمیت عام شہریوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہے، نہ کہ انہیں ہراساں کرنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مانسہرہ پولیس خوش اخلاقی، شائستگی اور تعاون پر یقین رکھتی ہے اور ایسے واقعات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔