مانسہرہ: تھانہ صدر پولیس نے چکیاء فرش کے مقام پر شہری سے رقم چھیننے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے چھینی گئی 40 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل ہڑیالہ کے علاقے میں ایک شہری سے زبردستی 40 ہزار روپے چھین کر ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر لیاقت شاہ اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مظہر عرف گورا ولد اقبال اور عظیم ولد بشیر سکنان چکیاء کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔