ناران: مانسہرہ پولیس نے راستہ بھٹکنے والی جرمن خاتون سیاح کو بحفاظت ریسکیو کر لیا

82

ناران میں مانسہرہ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث ایک 66 سالہ جرمن خاتون سیاح کو 6 گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد باحفاظت تلاش کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سات رکنی جرمن سیاحوں کا ایک گروپ ناران آیا ہوا تھا جہاں گروپ کی ایک رکن، مسز کارون این ملارک، ہائیکنگ کے بعد ہوٹل واپسی کے دوران راستہ بھٹک گئیں۔ اطلاع ملنے پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ناران پولیس نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا اور دو ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف راستوں پر روانہ کیں۔ کئی گھنٹوں کی انتھک محنت کے بعد خاتون کو بحفاظت ڈھونڈ نکالا گیا اور انہیں ہوٹل واپس پہنچا دیا گیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سیاح ہماری قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمت و حفاظت مانسہرہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناران آنے والے تمام مہمانوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب، ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کو شاباش دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں