چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت محکمہ تعلیم اصلاحات پر اجلاس، اہم فیصلے

59

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے گڈ گورننس روڈ میپ اصلاحات پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری تعلیم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ طلباء کی ہمہ جہتی تربیت کے لیے انٹر سکول، انٹر تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تقریری، کہانی نویسی اور اسپیلنگ بی کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔ سکولوں میں کھیلوں کے میدان اور انڈور گیمز کی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ بھی ترتیب دیا جا چکا ہے۔

محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ بیشتر سکولوں میں فرنیچر فراہم کردیا گیا ہے جبکہ باقی اداروں کو بھی ڈیمانڈ کے مطابق سامان فراہم کیا جائے گا۔ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اساتذہ کی حاضری بہتر بنانے کے لیے پہلے مرحلے میں تمام ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ڈیجیٹل حاضری سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے 10 اکتوبر تک غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مزید بتایا گیا کہ صوبائی کابینہ نے کمزور کارکردگی والے سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ پہلے مرحلے میں 500 سکول آؤٹ سورس کیے جائیں گے، جن میں ضم شدہ اضلاع کے سکول بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے باوجود اساتذہ کی ملازمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور تعلیم بالکل مفت فراہم کی جاتی رہے گی جبکہ اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

اجلاس میں ہائی رسک امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی سرویلنس منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ تعلیمی بورڈز میں دو سالہ تبادلہ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائمری سکولوں میں کم از کم چار اساتذہ کی تعیناتی کے لیے ایٹا کے ذریعے بھرتیوں پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سکولوں میں کلاس رومز کی کمی پوری کرنے کے لیے حکومت اور بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون سے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے اس حوالے سے ٹائم فریم پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ جلد از جلد کمی پوری کی جا سکے۔

مزید برآں امتحانی نظام میں اصلاحات کے تحت آئندہ بورڈ امتحانات ایس ایل او اور کلسٹر بیسڈ طریقہ کار کے تحت لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں طلباء اپنے سکول کی بجائے قریبی کلسٹر میں امتحان دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں