مانسہرہ پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، متعدد مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ و مشکوک مواد برآمد

82

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی سٹی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔ کارروائی میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور بھاری پولیس نفری نے حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کا مقصد امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا، مشتبہ افراد کی نشاندہی اور گرفتاری، غیر قانونی اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنا تھا۔

پولیس ٹیموں نے اس دوران گھر گھر تلاشی لی، مشکوک مقامات اور کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کی، جبکہ شناختی دستاویزات اور کرایہ داری ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے ابتدائی پوچھ گچھ کی، اور کچھ مقامات سے اسلحہ، کارتوس اور دیگر مشکوک مواد بھی برآمد کیا۔

ایس پی سٹی ریشم جہانگیر نے اس موقع پر افسران کو ہدایت دی کہ آپریشن کے دوران مکمل پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور خوش اخلاقی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ پولیس عوام کے تعاون سے ہر قسم کے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

پولیس حکام نے واضح کیا کہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن صرف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے، عام شہریوں کو بلاوجہ پریشان نہیں کیا جائے گا، بلکہ ان کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں